نئی دہلی، 30/نومبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)بی جے پی ایم پی منوج تیواری کو پارٹی صدر امت شاہ نے آج دہلی یونٹ کا صدر مقرر کر دیااور نتیاند رائے بہار یونٹ کے صدربنائے گئے ہیں۔تیواری نے ستیش اپادھیائے کی جگہ لی ہے جبکہ رائے نے منگل پانڈے کی جگہ لی ہے۔سابق صدور کی مدت کار بہت پہلے ہی ختم ہو چکی تھی اور گزشتہ کئی ماہ سے نئی تقرریاں زیر التواء تھیں۔رائے یادو کمیونٹی سے آتے ہیں،یہ وہی کمیونٹی ہے جس پر آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی اچھی گرفت ہے۔ان کی تقرری کو اعلی ذات کے علاوہ دیگر فرقوں کے درمیان پکڑ بنانے کے بی جے پی کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر اسے ذات پات کے حوالے سے حساس مانی جانے والی ریاست میں دیگر پسماندہ طبقات کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی کوشش سمجھا جا سکتا ہے جہاں گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو جے ڈی یو، آر جے ڈی اور کانگریس کے اتحاد نے کراری شکست دی تھی۔